بابر اعظم کا نوعمر مداح دیوار پھلانگ کر ڈریسنگ روم پہنچ گیا

لاہور (این این آئی)قذافی اسٹیڈیم میں دیوار پھلانگ کر ڈریسنگ روم تک پہنچنے والے بابر اعظم کے نو عمر مداح کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کے چوتھے روز پاکستان کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم سے آٹو گراف لینے کے لیے ان کا نوعمر مداح دیوار پھلانگ کر ڈریسنگ روم تک جا پہنچا۔ پولیس نے سیکیورٹی لیپس کا ملبہ 15 سالہ مداح پر ڈال دیا۔بابر اعظم کی محبت اور اس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے دیوار پھلانگ کر ڈریسنگ روم تک پہنچنے والے کی پہچان 15 سالہ حمزہ ساجد کے نام سے ہوئی۔ جس کو پولیس نے اسی وقت حراست میں لے لیا تھا اور اب گلبرگ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔مقدمے میں ممنوع مقام اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس نے لڑکے کے ڈریسنگ روم تک پہنچنے پر کسی اہلکار یا ملازم کو ذمہ دار قرار نہیں دیا۔ لیکن اسٹیڈیم سیکیورٹی نے سارا ملبہ ڈریسنگ روم تک پہنچنے والے نوجوان پر ڈال دیا۔پولیس کے مطابق گرفتار حمزہ ساجد بابر اعظم کا فین تھا اور وہ ڈریسنگ روم بیٹر سے آٹو گراف لینے پہنچا تھا۔ڈریسنگ روم میں موجود کھلاڑی غیر متعلقہ نوجوان کو دیکھ کر حیران اور خوفزدہ ہو گئے تھے اور کھلاڑیوں کی نشاندہی پر سیکیورٹی عملے نے اس کو حراست میں لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں