کوئٹہ /اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہاہے کہ سینیٹ وفاق کی علامت، صوبائی مساوات اور قومی یکجہتی کے فروغ کا ضامن ادارہ ہے۔ڈپٹی چیئرمین نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان-17 کے شرکاء کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سینیٹ آف پاکستان وفاقی وحدت، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور صوبائی مساوات کی حقیقی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ ایسا ادارہ ہے جو تمام صوبوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرتا ہے تاکہ ہر علاقے کی آواز قومی پالیسیوں میں سنی اور شامل کی جا سکے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے انعقاد پر منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ نہ صرف بلوچستان کے مسائل کے فہم اور ان کے دیرپا حل کے لیے اہم ہے بلکہ قومی یکجہتی کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کو اولین ترجیح دی ہے۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے کی ترقی، تعلیم، روزگار کے مواقع اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سینیٹ کی پالیسیوں اور قانون سازی کا اہم حصہ رہی ہیں۔ سینیٹ کی مختلف پارلیمانی کمیٹیاں بلوچستان کے عوامی مفاد سے جڑے معاملات پر مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ صوبے کی عوام کو بااختیار بنایا جا سکے اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم ہوں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے پاکستان کے استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے نمایاں قربانیاں دی ہیں۔ سینیٹ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ“بلوچستان کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے”۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط وفاق وہی ہوتا ہے جہاں تمام صوبے خود کو فیصلہ سازی کا حصہ اور قومی ترقی کا شریک محسوس کریں۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ورکشاپ بلوچستان جیسے پروگرام مستقبل کے رہنماؤں کو تربیت دینے اور قومی پالیسیوں کے حوالے سے بہتر فہم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔“آپ جیسے باصلاحیت افراد ہی پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اس ورکشاپ سے حاصل کردہ علم و تجربے کو اپنے اداروں اور علاقوں میں بروئے کار لا کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔”ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے آخر میں اس امید کا اظہار کیا کہ نیشنل ورکشاپ بلوچستان قومی ہم آہنگی، عوامی شمولیت اور استحکامِ پاکستان کے فروغ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور اتحاد کی دولت سے سرفراز فرمائے۔

