گوادر (رپورٹر) گوادر سے کراچی کا سفر مسافروں کے لئے اذیت بن گیا ہے۔ مسافروں سے گوادر سے کراچی کا ٹکٹ جاری کیا جاتا ہے لیکن انہیں یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر اتارنے کی بجائے بلوچستان کے حدود میں وندر اور دیگر مقامات پر اتارا جارہا ہے جس کی وجہ سے مسافر کراچی تک پہنچنے کے لئے اذیت کا شکار ہیں۔ بالخصوص خواتین، بچے اور مریض اس صورت حال میں ذہنی کوفت کا شکار بن کر رہ گئے ہیں۔ گوادر سے کراچی کا سفر طے کرنا گویا جوئے شیر لانے کے مترادف عمل بن کر رہ گیا ہے۔ مسافروں نے الزام لگایا ہے کہ مسافر بردار بسیں تیل لوڈ کرتے ہیں اور مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچانے کی بجائے تیل اتارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور بالخصوص ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے اس کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

