کراچی/کوئٹہ(این این آئی)عوام پاکستان پارٹی کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب سے پہلے سیاسی استحکام کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں، کیونکہ جب تک پالیسیوں میں تسلسل اور اعتماد بحال نہیں ہوگا، سرمایہ کاری اور ترقی کے دروازے کھل نہیں سکتے۔ سید امان شاہ نے مزید کہا کہ ملک کی موجودہ صورتِ حال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اپنے اختلافات پسِ پشت ڈال کر قومی مفاد میں مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی سمجھتی ہے کہ سیاسی انتشار، محاذ آرائی اور الزام تراشی سے نہ صرف جمہوری ادارے کمزور ہوتے ہیں بلکہ عوامی مسائل بھی بڑھ جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا۔ کہ عوام پاکستان پارٹی ہمیشہ جمہوری تسلسل، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی فلاح کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو ضرورت ہے ایک ایسے مشترکہ قومی ایجنڈے کی، جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو اور جس کا مقصد صرف عوام کی خوشحالی، روزگار کی فراہمی، اور معیشت کی مضبوطی ہو۔ سید امان شاہ نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی تمام سیاسی قوتوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ سیاسی درجہ حرارت کم کریں اور پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے باہمی احترام اور مکالمے کا راستہ اپنائیں۔

