کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخِ کشمیر کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، جو آج تک اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے طور پر قائم ہے انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہر سال 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتا ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ کشمیری عوام اب بھی اپنے حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے زور پر کشمیری عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی مگر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کیا جا سکا صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے آخر میں انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان اور اہلِ کشمیر اپنے حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

