راولپنڈی (این این آئی)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز (آج)منگل سے شروع ہوگی،تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،سیریز کے اگلے دو میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو کھیلے جائیں گے۔تینوں میچز رات آٹھ بجے شروع ہونگے۔اس سے قبل دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیل چکی ہیں جو ایک ایک سے برابر رہی تھی۔پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا نے کہاکہ ہمارے پاس ْپرجوش ٹیم موجود ہے،چند کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے اور چند ایک نئے چہرے اس میں شامل ہیں۔میں اس ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہت ْپرجوش ہوں اور مجھے امید ہے کہ یہ ایک بہت اچھی سیریز ہوگی۔سلمان علی آغا نے کہاکہ بنگلہ دیش کے خلاف ہماری ہوم سیریز بہت اچھی رہی تھی اور میں آنے والی اس سیریز میں بھی اچھے نتائج کے لیے پرامید ہوں،ہم لمبے وقت کے لیے اپنے منصوبوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں،جیسا کہ میں نے کہا کہ یہ ایک زبردست ٹیم ہے جو کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے،جنوبی افریقہ بہت اچھی ٹیم ہے لیکن ہمارے پاس ٹیلنٹ ہے اور میں اچھی سیریز کی توقع رکھے ہوئے ہوں۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جس پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان ہوا ہے اس میں آف سپنر عثمان طارق پہلی مرتبہ شامل ہوئے ہیں،حالیہ کیربیئن لیگ میں انہوں نے ٹرینباگو کی طرف سے کھیلتے ہوئے 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ بابراعظم، نسیم شاہ اور عثمان خان کی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔بابراعظم آخری بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کھیلے تھے۔نسیم شاہ نے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں گزشتہ جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلا تھا جبکہ عثمان خان آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسی سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلے تھے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں دونوں ٹیموں نے بارہ بارہ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان سکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)،بابراعظم،صاحبزادہ فرحان،صائم ایوب،حسن نواز،محمد نواز،عبدالصمد،ابرار احمد،فہیم اشرف،محمد وسیم جونیئر،شاہین آفریدی،نسیم شاہ،سلمان مرزا،عثمان خان (وکٹ کیپر) اور عثمان طارق شامل ہیں۔

