کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کریں گے،احمد چوہان

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) چیمپئنز لیگ نائٹ ایڈیشن سیزن 3 کا آغاز ہوگیا۔ چیمپئنز لیگ میں پانچ ٹیمیں بی ٹی کے اسٹارز، کراؤن کرکٹ کلب، ارسلان اقبال کرکٹ کلب، جیوایکسز کرکٹ کلب اور ٹرپ پلینرٹریول اینڈ ٹورز شامل ہیں۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلکس پر بی ٹی کے اسٹارز کا مقابلہ کراؤن کرکٹ کلب کے درمیان ہوا، کراؤن کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے 151رنز بنائے۔جواب میں بی ٹی کے اسٹارز صرف 68رنز بناسکی، کراؤن کرکٹ کلب نے میچ 83 رنز سے جیت لیا۔ کراؤن کرکٹ کلب کے سیف علی نے شاندار نصف سنچری بنائی، عثمان بن راشد اور عزیر اکبر نے 3 تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہمان خصوصی سماجی رہنما احمد چوہان، شیخ ساجد کریم، سردار کامران خان ترین،غلام شاکراور سیف علی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کھیلوں کے مقابلے گراس روٹ لیول پر منعقد کرائے۔ شہر میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، قومی ٹیم کیلئے نیا ٹیلنٹ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں تلاش کرنے کی ضرورت ہے، کراچی اور سندھ سے قومی ٹیم کیلئے اچھے کھلاڑی مل سکتے ہیں، میرٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ احمد چوہان نے مزید کہا کہ کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کریں گے، ٹورنامنٹ آرگنائزر کو حکومت سہولیات فراہم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں