کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات ناممکن ہیں شدت پسند اپنے انتہاپسندانہ رویوں سے پیچھے نہیں ہٹ رہے،پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ دہشت گردی کرنے والے مذاکرات کے اہل نہیں، دہشت گرد ہمیشہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہے ہیں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر واضح پیغام دیا گیا، پاکستان کا دائرہ کار کابل اور جلال آباد تک ہے۔ سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا کہ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فورسز مکمل طور پر پرعزم ہیں جو ملک کو غیر مستحکم کرے گا، وہ کہیں محفوظ نہیں رہ پائے گا ہماری فورسز وطن کی بقا کے لیے جانیں قربان کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

