اظہر الدین نے کانگریس کے وزیر کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے ایک شاندار تقریب کے دوران وزیر کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر تلنگانہ جیشنو دیو ورما نے بھارتی کرکٹ کے سابق کپتان اور کانگریس رہنماء اظہر الدین سے رازداری کا حلف لیا۔حلف برداری کے موقع پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، ریاستی کابینہ کے متعدد وزراء، کانگریس کے ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر معززین بڑی تعداد میں شریک تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہرالدین کو ریاستی حکومت میں اقلیتی بہبود، کھیل و نوجوانان امور کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔ریونت ریڈی کابینہ میں اظہرالدین کے حلف کے ساتھ ہی ایک اور اہم اضافہ ہوا ہے، جسے کانگریس حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان 8 فروری 1963 کو پیدا ہوئے اور ان کا تعلق حیدرآباد سے ہے، عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔1984 میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھتے ہی وہ اپنی بہترین بیٹنگ، نفیس انداز اور شاندار قیادت کے سبب عالمی شہرت حاصل کر گئے۔سابق کپتان نے بھارتی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 99 ٹیسٹ میچوں اور 334 ون ڈے میچوں میں ملک کی نمائندگی کی۔ ان کی کپتانی میں بھارت نے کئی یادگار فتوحات حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں