کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے اعلان پرپولیس اورانتظامیہ نے ہاکی گراونڈ، باچا خان چوک اور کوئٹہ پریس کلب کی طرف جانے والے راستوں کو کنٹینرزاور خاردار تاریں لگاکر ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیاجس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجبکہ پی ٹی آئی کے جلسہ اور ممکنہ احتجاج کوروکنے کیلئے شہر میں بھاری پولیس نفری تعینات کی گئی تھی۔پاکستان تحریک انصاف بلوچستان نے جمعہ کو کوئٹہ کے ہاکی گراونڈ میں جلسہ کرنے کااعلان کیا تھا ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے جلسہ کرنے کی درخواست مسترد کرنے کے باوجود پی ٹی آئی نے ہر صورت جلسہ عام کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پولیس اورضلعی انتظامیہ نے ہاکی گراونڈ،باچا خان چوک اور کوئٹہ پریس کلب کی طرف جانے والی شاہراہوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگاکر ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیاجس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں نواں کلی بائی پاس،ائیر پورٹ روڈسمیت دیگر شہر کی طرف آنے والی شاہراہوں کو بھی پولیس نے ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ اور ممکنہ احتجاج کو روکنے کیلئے کوئٹہ شہر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھیں جبکہ شہر میں پولیس،بلوچستان کانسٹیبلری کے مسلح دستی بھی گشت کررہے تھے اور پولیس،ایف سی نے جگہ جگہ نکالے لگاکر مشکوک گاڑیوں اورموٹرسائیکل سواروں کی تلاشی کا سلسلہ بھی جارہا رکھا۔کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظرکوئٹہ شہر میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بند رہی۔راستے بند ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے جلسہ عام منسوخ کرنے کااعلان کردیا اسکے باوجود رات گئے تک کوئٹہ کی سڑکیں ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند رہیں۔

