کوئٹہ،جنوبی پشتونخوا کے مختلف شہروں میں افغان کڈوال عوام کیساتھ جاری غیر انسانی،ظالمانہ سلوک شرمناک ہے،پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (این این آئی)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ اور جنوبی پشتونخوا کے مختلف شہروں میں افغان کڈوال عوام کے ساتھ جاری غیر انسانی اور ظالمانہ سلوک انتہائی شرمناک اور تمام بین الاقوامی انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان کڈوال عوام کی بستیوں کا محاصرہ کر کے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو جس بے دردی کے ساتھ اٹھایا جا رہا ہے، وہ انسانیت کے نام پر ایک داغ ہے اور کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔ بیان میں اقوامِ متحدہ، یو این ایچ سی آر (UNHCR)، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اس انسانیت سوز طرزِ عمل کا نوٹس لیں اور حکومتِ پاکستان و متعلقہ انتظامیہ کو ایسے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات سے باز رکھیں۔ مزید کہا گیا کہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے افغان کڈوال عوام کی بے دخلی، جائیدادوں پر قبضے، اور گرفتار شدگان سے رشوت طلب کرنے جیسے اقدامات انتہائی شرمناک اور ناقابلِ برداشت ہیں۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف انسانی وقار کی توہین ہے بلکہ ملکی آئین اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ افغان کڈوال عوام گزشتہ نصف صدی سے صوبے اور ملک کی ترقی، تجارت اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں ہزاروں افغان تاجر، مزدور، کاریگر اور سرمایہ کار روزانہ کروڑوں روپے کا کاروبار کر کے ملکی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔ ان کی خدمات کو فراموش کرنا تاریخ اور حقیقت دونوں سے انکار کے مترادف ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سہ فریقی معاہدے (پاکستان، افغانستان، UNHCR) پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے اور افغان کڈوال عوام کے انسانی و قانونی حقوق کا احترام کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ 1951ء کے سِٹیزن ایکٹ کے تحت جو بچے پاکستان میں پیدا ہوئے ہیں، انہیں شہریت دینی چاہئے کیونکہ یہ ان کا بنیادی قانونی اور انسانی حق ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی پارٹی نے افغان کڈوال عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے، احتجاجی مظاہرے، جلسے اور ریلیاں منعقد کی ہیں۔ بیان کے آخر میں پارٹی نے تمام جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سول سوسائٹی، وکلا برادری اور باشعور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظلم و ناانصافی کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں، انسانیت دشمن پالیسیوں کو مسترد کریں، اور افغان کڈوال عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کو مضبوط بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں