کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل تیزی سے مغربی تہذیب، فکری انحراف اور لادینیت کے اثرات کا شکار ہورہی ہے جو ملتِ اسلامیہ کے لیے نہایت تشویشناک امر ہے۔نوجوان اگر اپنی فکری و عملی سمت درست رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ علماء کی صحبت اختیار کریں دینِ اسلام کے اصل ماخذ قرآن و سنت سے رشتہ جوڑیں اور اپنے اکابرِ دیوبند کی زریں تاریخ کو مشعلِ راہ بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نیکہاکہ مغربی ذہنیت انسان کو مادیت پرستی خودغرضی اور دین سے دوری کی طرف لے جارہی ہے جبکہ اسلامی تعلیمات انسانیت، عدل، حیا اور خدمتِ خلق کا درس دیتی ہیں انہوں نے کہا کہ اکابرِ امت کی قربانیاں محض تاریخ نہیں بلکہ ایمان کو تازہ کرنے والی حقیقت ہیں۔ان بزرگوں نے اپنے علم، کردار اور اخلاص سے امت کو راستہ دکھایا لہٰذا نوجوانوں کے لیے لازم ہے کہ وہ ان کے نقشِ قدم پر چلیں۔انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد اسلام کی فکری و روحانی بنیادوں کے محافظ ہیں۔نوجوان ان سے وابستہ ہوں اپنے اوقات کو مقصدِ حیات کے مطابق صرف کریں اور امت کے لیے باعثِ خیر بنیں۔

