ریکوڈک مائننگ کمپنی کی جانب سے ہونہار طلبا و طالبات کیلئے سکالرشپ پروگرام بارے ایک تربیتی سیشن کا انعقاد

نوکنڈی (این این آئی) ریکوڈک مائننگ کمپنی کی جانب سے ضلع چاغی کے ہونہار طلبا و طالبات کے لیے اسکالرشپ پروگرام کے حوالے سے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول نوکنڈی میں ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ریکوڈک مائننگ کمپنی کے کمیونٹی انویسمنٹ افسران، طلباء، اساتذہ کرام کے علاوہ آئی بی اے سکھر یونیورسٹی اسکالرشپ پروگرام کے افسران بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر اسکالرشپ آئی بی اے یونیورسٹی سکھر، عطاء اللہ جتوئی اور سنئیر سوشل ایمپیکٹ (Impact)افسر زینب نذیر ودیگر نے شرکاء سے کہا کہ ریکوڈک مائننگ کمپنی کی کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی (CDC) کی تجویز پر ضلع چاغی کے طلبا و طالبات کے لیے اعلی تعلیم کے حصول کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ فراہم کی جا رہی ہے۔ اس اسکالرشپ سے ہونہار طلباء اپنے تعلیمی خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ اسکالرشپ 2024 اور 2025 میں ایف ایس سی مکمل کرنے والے طلباء کے لیے ہے، جو ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں چھ ماہ کا تربیتی کورس کریں گے، جس کی مکمل فنڈنگ ریکوڈک کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی۔ڈائریکٹر اسکالرشپ اور سنئیر سوشل ایمپیکٹ (Impact)افسر نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اعلی تعلیم حاصل کر کے اپنے ملک کا نام روشن کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں