کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی ضلعی صدر و صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی وچیئرمین کمیٹی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھرپور انداز میں انتخابی میدان میں آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اور پارٹی کے امیدوار تمام یونین کونسلوں میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر پارٹی کو واضح اکثریت سے کامیاب کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل اور مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صوبائی صدر کی جانب سے تشکیل دی گئی بلدیاتی الیکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں کمیٹی کے ممبران میر نور اللہ لہڑی۔محمد یونس بلوچ،ایڈوکیٹ نسیم انور کانسی،سحر گل خلجی، حیدر خان اچکزئی،شاکر محمد حسنی،فتح جمالی،ملک مصلح الدین مینگل اورچوھدری شبیر سمیت پارٹی عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں آئندہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے انتخابی حکمتِ عملی، تنظیمی ڈھانچے اور عوامی رابطہ مہم پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کی تمام یونین کونسلز میں پاکستان مسلم لیگ (ن) بھرپور حصہ لے گی اور پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مربوط اور منظم مہم چلائی جائے گی۔کمیٹی کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ طے پایا کہ ہر یونین کونسل کی سطح پر سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو مقامی سطح پر تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطوں کو مزید موثر بنائیں گی۔ اسی طرح قانونی معاملات اور الیکشن سے متعلق امور کو دیکھنے کے لیے انور نسیم کانسی ایڈوکیٹ کی سربراہی میں وکلا پر مشتمل ایک خصوصی پینل تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کے اراکین اور پارٹی قائدین صوبے کے مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقاتیں کریں گے، ان کے مسائل سنیں گے اور انہیں حل کرنے کے لیے اقدامات تجویز کریں گے تاکہ عوام کے ساتھ براہِ راست رابطہ مضبوط ہو اور بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم ہو۔آخر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ پارٹی بلدیاتی الیکشن کو عوامی خدمت اور جمہوری عمل کے تسلسل کا اہم ذریعہ سمجھتی ہے۔ اسی جذبے کے تحت مسلم لیگ (ن) بلوچستان بھر میں متحرک، منظم اور بھرپور انداز میں انتخابی عمل میں حصہ لے گی۔

