کوئٹہ(رپورٹر)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو اور ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری نے گزشتہ روز صوبائی الیکشن کمشنر جناب اصغر علی سیال سے ملاقات کی۔ملاقات میں کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مثبت تعمیری اور خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوا۔نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے صوبائی الیکشن کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی بنیاد اور عوامی مسائل کے دیرپا حل کا موثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن آئینی تقاضوں کے مطابق شفاف غیر جانبدار اور منصفانہ انتخابی عمل کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کرے گا۔۔نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ اداروں کی مضبوطی، جمہوری عمل کے استحکام اور عوامی خدمت کے اصول پر کاربند رہی ہے اور آئندہ بھی مثبت و تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی رہنماؤں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اداروں کے ساتھ تعاون کے اصول پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی اعتماد اور احترام کے ماحول میں انتخابی عمل کو آگے بڑھائیں۔علی احمد لانگو نے ملاقات میں امید و اعتماد کا اظہار کیا کہ صوبائی الیکشن کمشنر اپنی پیشہ ورانہ مہارت ہمہ وقت دستیابی اور غیر جانبدارانہ کردار کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر نے وفد کے مؤقف کو سراہا اور یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن بلاتعصب اور شفافیت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرے گا۔

