تربت(رپورٹر)نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کا دورہ آمد، جہاں انہوں نے مکران آرٹ پروموٹرز بلوچستان کی جانب سے منعقدہ مکران آرٹ پینٹنگ ایگزیبیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نمائش میں رکھی گئی پینٹنگز کا معائنہ کیا اور مقامی آرٹسٹوں کی پیش کردہ پینٹنگز کو سراہا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آرٹسٹ شریف قاضی اور پروفیسر حفیظ گوارجی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مقامی فنکار اپنی تخلیقات کے ذریعے معاشرے کی اصل تصویر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے آرٹسٹ نہ صرف مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو علمی اور تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرٹ اور پینٹنگ کے شعبے کو مزید ترقی دینے اور فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ نیشنل پارٹی اس شعبے کی سرپرستی کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر آرٹسٹ شریف قاضی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ایک خوبصورت پینٹنگ تحفے میں پیش کی۔

