کراچی (این این آئی)کراچی کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ سستی جبکہ باقی ملک کے لیے 93 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق الگ، الگ نوٹیفکیشنز جاری کر دئیے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے لیے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ کی کمی کی گئی ہے، کراچی کے صارفین کو کمی کا ریلیف جون کے بلوں میں ملے گا۔کہا گیا کہ کے الیکٹرک کے لیے بجلی مارچ 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں سستی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے 5 روپے 2 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی، مگر کراچی والوں کو مکمل ریلیف نہیں مل سکا۔نیپرا کی جانب سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق باقی ملک کے لیے بجلی 93 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق ملک کے لیے اپریل 2025 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔صارفین سے یہ اضافی وصولیاں جون کے بلوں میں کی جائیں گی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل 2025 کی ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔
