وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ایک نڈر، بے باک اور محب وطن قومی رہنما ہیں،حیات خان اچکزئی

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے حوالے سے سردار عبدالرحمان کھیتران کے حالیہ انٹرویو اور بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف کی غیر سیاسی اور غیر سنجیدہ گفتگو سے ان کی ذہنی کیفیت اور سیاسی بوکھلاہٹ کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے، اور عوامی و سیاسی حلقوں میں ان کی باتوں کو کوئی سنجیدگی سے نہیں لیتا۔حیات خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ایک نڈر، بے باک اور محب وطن قومی رہنما ہیں جن کی قیادت میں صوبے کی تعمیر و ترقی اور گڈ گورننس کے اقدامات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل تک جن لوگوں کو وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت مثالی نظر آتی تھی، آج ان سے ان کے غیر ذمہ دارانہ رویوں کے باعث وزارت واپس لیے جانے کے بعد وہ محض سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے غیر پارلیمانی اور بازاری زبان استعمال کرنے پر اتر آئے ہیں۔حیات خان اچکزئی نے مزید کہا کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کا طرزِ تخاطب کسی بھی طرح ایک قبائلی سردار یا سنجیدہ سیاستدان کے شایانِ شان نہیں، کیونکہ قبائلی روایات اور سرداری کی لاج رکھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح موصوف نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون رکنِ اسمبلی فرح عظیم شاہ کے حوالے سے نازیبا گفتگو کی، اس سے ان کے سیاسی و اخلاقی قد کاٹھ کا پردہ پورے صوبے کے سامنے چاک ہو چکا ہے، ایسی زبان کسی غیر ذمہ دار شخص کی تو ہو سکتی ہے مگر کسی معتبر سیاسی و قبائلی رہنما کی قطعی نہیں ہو سکتی۔حیات خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کی سیاسی بصیرت اور اصلیت سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی محض ایک فرد نہیں بلکہ بلوچستان کے روشن مستقبل، ترقی اور خوشحالی کے ایک وڑن اور نظریے کا نام ہیں، جنہوں نے سیکورٹی فورسسز کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے دہشتگردوں کی بیخ کنی کے لئے 300 شہداء دئیے اور اب صوبے کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں