کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن رجسٹرڈکے صدر نیک محمدکاکڑ نے کہا ہے کہ شیڈول ریٹس 2026 اور مارکیٹ میں تعمیراتی میٹریل کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں کے درمیان فرق نے ٹھیکیداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے دوسری جانب جاری ترقیاتی اسکیمات کے فنڈز کی سست روی سے اجراء نے ٹھیکیداروں کی مشکلات مزید بڑھادی ہیں جس کے باعث منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ٹھیکیداروں کی مالی بقا متاثر ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے بھر میں سرکاری ٹینڈروں کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں اسوقت ٹھیکیدار سرکاری اسکیمات پر65فیصد کمیشن دے رہے ہیں۔یہ بات انہو ں نے اتوار کو چیئرمین عبدالرحمن بازئی، سیکرٹری جنرل محمد انور مندوخیل، سیکرٹری اطلاعات روزی خان بڑیچ، فنانس سیکرٹری محمد اعظم،مرادخان، ضیاء الرحمن اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری ٹھیکیداروں کے روزگار پر بااثر حلقوں کی اجارہ داری اور بیوروکریسی کے ذریعے اثرورسوخ کے استعمال سے متعلق شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کا فقدان پیشہ ور ٹھیکیداروں کے لیے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی علاقوں میں پہلے سرکاری ٹھیکوں پرکوئی ٹیکس نہیں تھا اب حکومت نے ان پر ٹیکس لاگو کردیا ہے ان علاقوں میں فیکٹریوں، سڑکوں اور تعمیراتی میٹریل کی مقامی منڈیوں کی کمی کے باعث سامان دیگر صوبوں اور اضلاع سے منگوانا پڑتا ہے جس سے نقل و حمل اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔ایسے حالات میں ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ٹھیکیداروں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتا ہے حکومت فوری پر قبائلی علاقوں پر عائد انکم ٹیکس کو واپس لے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنایا جائے شیڈول ریٹس 2026 کا مارکیٹ کے حقیقی نرخوں کے مطابق ازسرنو جائزہ لیا جائے،قبائلی علاقوں میں ٹیکس پالیسی پر نظرثانی کی جائے اور جاری ترقیاتی اسکیمات کے لیے فنڈز بروقت جاری کیے جائیں، تاکہ ٹھیکیداروں کے معاشی حقوق کا تحفظ اور صوبے میں ترقیاتی عمل کی رفتار برقرار رکھی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ صوبے بھر میں جاری ترقیاتی اسکیموں کیلئے پی ایس ڈی پی میں جو فنڈز رکھے گئے ہیں وہ انتہائی کم ہیں لہذابلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ صوبے بھر میں ترقیاتی اسکیموں کیلئے 100فیصد فنڈزکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کاموں کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈرنگ کے نظام کے حوالے سے ٹھیکیداروں میں تحفظات پائے جاتے ہیں مختلف حلقوں کی جانب سے میبنہ طور پر ٹھیکیداروں کے جائز روزگار اور مواقع پر اثر انداز ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں لیکن ان معاملات پر موثر جوابدہی کا فقدان ہے اگر ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈرنگ میں شفافیت،میرٹ اور یکساں مواقع کو یقینی نہ بنایا گیا تو اس کا نقصان نہ صرف ٹھیکیداروں کو بلکہ براہ راست بلوچستان کے عوام اور ترقیاتی عمل کو بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شیڈول ریٹس 2026پر فوری نظرثانی کرکے مارکیٹ کے حقیقی نرخوں کے مطابق نئے ریٹس مقرر کئے جائیں جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے مطلوبہ فنڈزکی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے،قبائلی اضلاع میں انکم تیکس کے نفاذ کے معاملے پرزمینی حقائق کے مطابق نظرثانی کی جائے اور ٹھیکیداروں کے زیر التواء واجبات اوربلوں کی فوری ادائیگی کی جائے۔

