ڈاکٹر سمیع کا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کراچی سے 40 واں سینئر مینجمنٹ کورس کامیابی کے ساتھ مکمل

کوئٹہ(این این آئی) محکمہ صحت حکومتِ بلوچستان کے ایک قابل، باصلاحیت اور ممتاز افسر ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن، کراچی سے 40 واں سینئر مینجمنٹ کورس کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا یہ اہم کامیابی ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قائدانہ مہارت، محنت، لگن اور عوامی خدمت کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سندھ کے صوبائی وزیر سیدناصر حسین شاہ نے ڈاکٹرسمیع اللہ کاکڑ کو کامیابی سے کورس مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ دیا۔ ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ کا شمار محکمہ صحت بلوچستان کے قابل، تجربہ کار اور بہترین افسران میں ہوتا ہے، جنہوں نے محکمہ صحت کے مختلف اہم عہدوں پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کا لوہا منوایا ہے۔اس ممتاز تربیتی کورس کی کامیاب تکمیل نہ صرف ان کے لیے ایک اہم پیشہ ورانہ سنگِ میل ہے بلکہ یہ پورے محکمہ صحت بلوچستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ امید ہے کہ اس کورس کے دوران حاصل کردہ علم، انتظامی تجربہ اور قائدانہ صلاحیتیں صوبے میں صحت کے نظام کی بہتری اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مزید معاون ثابت ہوں گی۔بلوچستان کی ڈاکٹرز برادری نے ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں