پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑی ہے، سردار سر بلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑی ہے پارٹی عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے، جمہوری اقدار کے فروغ اور کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں ملاقات کرنے والے پارٹی کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ملک ذیشان حسین، ندیم احمدخان، ربانی خلجی اوردیگر بھی موجود تھے۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ جدوجہد، قربانیوں اور عوامی حقوق کے لیے طویل تحریکوں سے عبارت ہے پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنے سیاسی سفر کے دوران قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن عوام کے حقوق اور جمہوری جدوجہد کے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے دکھ درد اور مسائل کو بخوبی سمجھتی ہے کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی محنت، وفاداری اور جدوجہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنوں کا ہمیشہ سے محروم، پسے ہوئے اور کمزور طبقات کے ساتھ تعلق رہا ہے اور پیپلز پارٹی نے ہر دور میں ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات سے دوچار عوام کو ریلیف فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے پیپلز پارٹی عوامی مسائل سے لاتعلق نہیں رہ سکتی اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر محروم اور پسے ہوئے طبقے کی آواز بنے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کوگھر گھر پہنچائیں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں