کوئٹہ(این این آئی)پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن وپاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اورانکی صلاحیتوں کو بروئے کارلانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون کی اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد اڑھائی کروڑ روپے کرنے سے نواجون اور خواتین کو با اختیار اور کاروباری سرگرمیوں میں انکی شمولیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کیلئے 292ارب روپے مختص کئے ہیں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت نے نوجوانوں کیلئے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر کی حد21سال سے کم کرکے 18سال کرنے کی ہدایت کی تاکہ نوجوانوں کو کم عمری میں ہی کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود صاحب اورانکی پوری ٹیم ملک بھر کے دورے کرکے نوجوانوں اور خواتین کو یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون کی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دے رہی ہے اور رانا مشہودخود تمام معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی نوجوان کی حق تلفی نہ ہو اور قانون کے مطابق انہیں قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75لاکھ روپے سے بڑھاکر اڑھائی کروڑ روپے کرنے کی منظوری دیدی ہے اور قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں خواتین کیلئے 30فیصد قرضے مختص کئے گئے ہیں تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانے کے مواقع میسر آئیں۔انہوں نے کہا کہ جنوری2023 سے لے کر اب تک581341 نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا گیا ہے جو کہ اس سے پچھلے دس سال کی نسبت 10 گنا زیادہ ہے،اس دوران 313.9 ارب کے قرضہ جات دیئے جاچکے ہیں 2026-27 کے دوران 266700 نوجوانوں کو 292 بلین قرضہ دینے کا تخمینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو چاہئے کہ وہ وفاقی حکومت کی یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون کی اسکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اوراپنے اوراہل خانہ کیلئے روزگار پیدا کریں۔

