کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے ہماری مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے کولپور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران آٹھ دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ دوسری جانب بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مختلف واقعات کے دوران میجر عمر منہاس ناصر سمیت چار سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پوری قوم کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا باعث ہے۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور پاکستان کے امن، معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور قومی استحکام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ دشمن عناصر مختلف طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص ڈرونز کے استعمال سے ہمارے سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ ہم اپنی دفاعی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس نظام اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنائیں۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ہماری مسلح افواج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں نے ملک کے امن اور استحکام کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ عالمی برادری کو بھی پاکستان کی ان قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے اور خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور معاونت کے خاتمے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی اور بدامنی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ بلوچستان کی ترقی، قومی دھارے میں مؤثر شمولیت، معاشی مواقع کی فراہمی اور عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مضبوط بنانا بھی قومی استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔ امن اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں کے حصول کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہیں۔ کسی بھی دشمن کو پاکستان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردی کے خلاف قومی جدوجہد پوری قوت اور یکسوئی کے ساتھ جاری رہنی چاہیے۔آخر میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی یکجہتی پر پوری قوم متحد ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

