ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی حجاج کرام اور امت مسلمہ کو مناسکِ حج کی مبارکباد

کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وقوفِ عرفہ کے باسعادت موقع پر مناسکِ حج کی ادائیگی کرنے والے تمام حجاج کرام اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن مسلمانوں کے لیے روحانی تجدیدِ عہد کا دن ہے، جہاں ہر مومن بندہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔سیدال خان نے کہا کہ حضرت ابراہیم کی سنت پر عمل پیرا ہو کر مسلمان اخلاص، وفاداری اور قربانی کے جذبے کی تجدید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج، اسلام کا ایک اہم رکن ہے جو امت مسلمہ کو اتحاد، مساوات، اخوت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان جب ایک ہی لباس میں، ایک ہی انداز میں ایک ہی رب کے حضور جھکتے ہیں تو یہ منظر امتِ مسلمہ کے روحانی اتحاد اور یکجہتی کی بہترین مثال بن جاتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آج امت مسلمہ کو پہلے سے بڑھ کر اتحاد اور یگانگت کی ضرورت ہے۔ڈپٹی چیئرمین نے ان خوش نصیب حجاج کو خصوصی مبارکباد پیش کی جنہیں اس سال بیت اللہ کی زیارت اور مناسکِ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ روحانی سفر نہ صرف ان کی ذاتی زندگیوں میں برکت و سکون لائے گا بلکہ ان کی عبادات اور قربانیاں پورے ملک اور امت مسلمہ کے لیے خیروبرکت کا باعث بنیں گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حجاج کرام کی عبادات، دعائیں اور قربانیاں قبول فرمائے اور وہ تقویٰ، برکت اور اخلاص کے ساتھ اپنے وطن واپس لوٹیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں