حکومت صحت، غذائیت، تعلیم، سماجی تحفظ، پانی اور مقامی حکومت جیسے متعدد شعبوں کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کررہی ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت صحت، غذائیت، تعلیم، سماجی تحفظ، پانی اور مقامی حکومت جیسے متعدد شعبوں کو مربوط کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات کی جانب بڑھ رہی ے۔پیر کوویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خوراک کی کمی کا شکار اور آبادی مینجمنٹ کو قومی سطح پر سب سے بڑی ترجیح قرار دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت صحت، غذائیت، تعلیم، سماجی تحفظ، پانی اور مقامی حکومت جیسے متعدد شعبوں کو مربوط کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات کی جانب بڑھ رہی ہے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ اعلیٰ اسٹنٹنگ والے ممالک اپنی جی ڈی پی کا 2 سے 3 فیصد سالانہ کھو دیتے ہیں، جبکہ سٹنٹڈ (کمزور نشوونما والے) بچے اپنی پوری زندگی میں 22 فیصد تک کم کماتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف صحت کا نہیں بلکہ قومی پیداواریت کا بحران ہے اور پاکستان کی طویل مدتی معاشی پائیداری کے لیے خطرہ بھی ہے۔ انہوں نے 2050 میں آبادی کے 370 ملین تک پہنچنے کے امکان کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ”مستقبل کے استحکام اور ترقی کے لیے فیصلہ کن چیلنج“ قرار دیا۔پاکستان پاپولیشن سمٹ، جو اسلام آباد میں ڈان میڈیا گروپ کے زیر اہتمام منعقد ہوا، آبادی میں توازن کی بحالی اور پائیدار مستقبل کی تعمیر سے متعلق قومی مکالمہ فراہم کرتا ہے۔ اس دو روزہ سمٹ میں سیاستدان، ماہرینِ معاشیات، ترقیاتی ماہرین، نجی شعبے کے رہنما اور دیگر ماہرین شریک ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے صحت، خوراک، پانی اور روزگار پر پڑنے والے دباؤ کے پیش نظر مشترکہ وژن تشکیل دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں