لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کونسل کا 7واں اجلاس پیسک ہاس میں منعقد ہوا جس میں یک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔وزیر اعلی کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیزڈیپارٹمنٹ سلمی بٹ،سیکریٹری ڈاکٹر احسان بھٹہ،سیکریٹری انڈسٹریز محمد عمر مسعود اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔پرائس کنٹرول کونسل نے ژندہ مرغی اور گوشت کی قیمتوں کے تعین کے میکانزم میں نظر ثانی کی منظوری دیدی۔اب زندہ مرغی اور مرغی کے گوشت دونوں کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر نوٹیفکیشن ہوگا۔پرائس کنٹرول کونسل نے مرغی کے گوشت کی قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مرغی کے گوشت کی سستے داموں فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے،تمام اضلاع اور ڈویژنوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں اورمرغی کی مارکیٹوں میں سپلائی پر کڑی نظر رکھی جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پولٹری فارمز کو مرغیوں کی بیماریوں سے بروقت آگاہی دینا ضروری ہے اس حوالے سے متعلقہ محکمے اپنی زمہ داری نبھائیں نبھائیں۔اجلاس میں مرغیوں کی مارکیٹ میں دستیابی اور قیمتوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا کہ مورٹیلٹی فیکٹر کے باعث مرغیوں کی مارکیٹ میں سپلائی میں کمی آئی جس سے گوشت کی قیمتیں بڑھیں۔

