ڈی آر اے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس وفاقی ملازمین کی طرح بلوچستان کے ملازمین کو بھی دیا جائے اور چارٹر آف ڈیمانڈ کے باقی مطالبات من و عن منظور کیئے جائیں، بلوچستان گرینڈ الائنس خضدار

خضدار (این این آئی) بلوچستان گرینڈ الائنس کی ضلعی قیادت نے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف مرحلہ وار احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔ خضدار پریس کلب میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد اسلم نوتانی، جنرل سیکرٹری عبدالرشید غلامانی، ایڈیشنل سیکریٹری ہدایت اللہ محمد حسنی، جونیئر وائس چیئرمین نذیر احمد چنال، منیر احمد زہری اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ مرکزی قیادت کی کال
پر ضلع خضدار میں مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔رہنماؤں نے کہا کہ احتجاج کا پہلا مرحلہ پریس کانفرنس کے ذریعے مطالبات پیش کرنا ہے۔ اس کے بعد 15 اور 16 دسمبر 2025 کو ضلع بھر کے سرکاری دفاتر پر سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے، بینرز آویزاں کیئے جائیں گے اور تمام سرکاری ملازمین بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں گے۔ 17 دسمبر کو احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ 29 دسمبر کو پورے ضلع میں قلم چھوڑ ہڑتال ہوگی۔ آخر میں 30 اور 31 دسمبر 2025 کو صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح خضدار میں بھی مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج جائز مطالبات منوانے کے لیئے ہے۔ گرینڈ الائنس نے شروع سے جمہوری طریقوں سے احتجاج کیا، مگر حکومت نے پہلے قیادت کو جیل بھیجا اور پھر مذاکرات کے بہانے دھوکہ دیا۔ رہنماؤں نے زور دیا کہ ڈی آر اے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس وفاقی ملازمین کی طرح بلوچستان کے ملازمین کو بھی دیا جائے اور چارٹر آف ڈیمانڈ کے باقی مطالبات من و عن منظور کیئے جائیں، ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔پریس کانفرنس میں گرینڈ الائنس سے منسلک تمام ملازمین تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور احتجاجی نعرے بازی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں