سبی(اللہ داد)ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح معروف عالمِ دین جنرل کونسلر میونسپل کمیٹی سبی الحاج صوفی سلیمان نقشبندی سے کروایا، جنہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر انسدادِ پولیو مہم کے مؤثر انعقاد کے لیے ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر اکبر سولنگی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی ممتاز علی رند، ڈبلیو ایچ او سے ڈاکٹر احسان اللہ، ڈاکٹر نصیر کرد، کمیونیکیشن آفیسر یونیسیف مس شبانہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر احسان اللہ اور ڈی ایچ او ڈاکٹر اکبر سولنگی نے ڈپٹی کمشنر سبی کو انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسدادِ پولیو مہم 18 دسمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع سبی میں پانچ سال سے کم عمر 29 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے ضلع سبی اور تحصیل لہڑی کی مجموعی طور پر 25 یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ مہم میں 25 یو سی سپر وائزرز، 226 موبائل ٹیمیں، 40 فکسڈ سائٹس اور 19 ٹرانزٹ ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی ہر ٹیم کے بروقت، منظم اور ذمہ دارانہ کردار سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا قومی ہدف ہے اور ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور بین الاقوامی شراکت دار باہمی تعاون سے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے، جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

