کوئٹہ(این این آئی) ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمن قمبرانی نے کہا ہے کہ صوبے میں طلباء و طالبات کو تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ایک سال کے دوران صوبے میں سینکڑوں بند اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے،بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے تعمیر نو پبلک اسکول اور دیگر نجی تعلیم اداروں کا اہم کردار ہے جس سے انکار ممکن نہیں ہے۔یہ با ت انہوں نے پیر کو تعمیر نو پبلک اسکولو ں کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں شیلڈ اورانعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے نسیم لہڑی، حافظ طاہر نے بھی خطاب کیا۔ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمن قمبرانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے صوبے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاہے اورابتک صوبے میں سینکڑوں غیرفعال اسکولوں کو فعال کرکے اساتذہ کو ڈیوٹی کا پابند بنایاگیا ہے جہاں بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ تعلیمی اداروں سے باہر طلباء کو تعلیمی اداروں میں داخل کرایا جائے تاکہ وہ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے تعمیر نو پبلک اسکول اوردیگر نجی تعلیمی اداروں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جس سے کسی بھی طرح انکا رممکن نہیں ہے۔انہوں نے مرحوم پروفیسر فضل حق میر کی تعلیم کے فروغ کیلئے خدمات اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی کوششوں کے باعث تعمیر نو پبلک اسکول نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوااور اس تعلیمی ادارے سے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء آج ملک اور بلوچستان میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔انہوں نے اسکول کے گورننگ بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نسیم لہڑی اور حافظ طاہر ادارے کو ایک مثالی اور معیاری تعلیمی ادارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے تعمیرِ نو پبلک اسکول کو ایک معتبر تعلیمی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے ملک کو بیوروکریٹس، سیاستدان، انجینئرز اور دیگر نمایاں شخصیات فراہم کی ہیں جو آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے تعمیر نو پبلک اسکول کی انتظامیہ کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے اختتام مجیب الرحمن قمبرانی نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات اور تعریفی اسنادتقسیم کیں اور امتحانات میں بہترین نتائج حاصل کرنے والے طلباء اوراساتذہ کیلئے خصوصی انعام کا بھی اعلان کیا۔تقریب کے دوران طلبہ نے حب الوطنی، تعلیم کی اہمیت، ہمدردی، شکرگزاری اور مختلف سماجی موضوعات کو مؤثر انداز میں شاندار ٹیبلو اور اسکیٹس کی صورت میں اجاگر کیا ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور بامقصد پیغامات کو سراہا۔

