کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت حب میں مجوزہ آئل ریفائنری و توانائی منصوبے سے متعلق ایک اہم ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے سی ای او قائم لا شاری، جرمن کمپنی AOCH GmbH کے نمائندگان Sebastian Neuhaser, Kevin Schneider جبکہ پاک لبریکینٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر واجد حبیب سمیت بی بی او آئی ٹی کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تکنیکی امور، سرمایہ کاری کے مراحل اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے منصوبے کے جلد از جلد عملی آغاز کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی ترتیب دینے پر اتفاق کیا۔وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ حب میں آئل ریفائنری منصوبہ بلوچستان میں صنعتی ترقی، توانائی کے شعبے میں خودکفالت اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے تاکہ منصوبے کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔سی ای او قائم لاشاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کے ساتھ قریبی روابط میں ہے اور منصوبے سے متعلق قانونی، انتظامی اور تکنیکی معاملات کو تیزی سے حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔جرمن کمپنی کے نمائندگان نے بلوچستان حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے منصوبے میں طویل المدتی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا اظہار کیا۔

