کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ میں عید الاضحی کی مناسبت سے سیکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں 2 ہزار سے زائد اہلکار تعینا ت کیے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے پیٹرولنگ اور چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا، شہر کے 5 مقامات پر کوئیک رسپانس فورس تعینات کی گئی۔ بازاروں میں سادہ کپڑوں میں بھی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جو مشتبہ افراد اور صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں عیدگاہوں اور مساجد کے لیے بھی خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جہاں پانچ سو گز میں نماز عید کے اجتماعات کے پاس پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی اور نمازیوں کو واک تھرو گیٹس سے گزار کر عید گاہوں میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

