وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے،سیدال خان ناصر

کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے نتیجے میں سڑکوں، مواصلاتی نظام اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اراکین سینیٹ، قبائلی عمائدین، طلبا، ممتاز دانشوروں، وکلا اور طبی ماہرین کے وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ لاقاتوں کے دوران ملکی معیشت، موجودہ سیاسی صورتحال، سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی کے فروغ کے علاوہ عوام کو درپیش مسائل اور ان کے پائیدار حل کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے سینیٹرخلیل طاہر سندھو، سینیٹر بشریٰ انجم بٹ اور سینیٹر فوزیہ ارشد سے ملاقات کے دوران ایوان بالا میں قانون سازی کے عمل کو مزید موثر بنانے، پارلیمانی روایات کے استحکام، صوبوں کے مابین اعتماد سازی، اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور عام شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق امور پر گفتگو کی۔ اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ نہ صرف آئینی توازن کا محافظ ہے بلکہ وفاقی وحدت اور جمہوری اقدار کے استحکام میں ایک مضبوط اور باوقار کردار ادا کر رہا ہے، جہاں تمام صوبائی اکائیوں کی آواز کو مساوی اہمیت دی جاتی ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ قومی ترقی اور معاشی استحکام کے اہداف اسی وقت حاصل کیے جا سکتے ہیں جب تمام سیاسی قوتیں ذاتی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی سوچ کے تحت متحد ہو کر آگے بڑھیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر صوبہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، عوامی ریلیف اور معیاری زندگی کی فراہمی کے لیے اجتماعی دانش، مشاورت اور عملی اقدامات کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور ترقی کے ایک نئے اور مثبت مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔قبائلی عمائدین کے وفد سے ملاقات کے دوران قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قبائلی مشران نے ہمیشہ قومی وحدت، سماجی استحکام اور روایتی اقدار کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی نظام باہمی احترام، مشاورت اور امن و برداشت کے فروغ کا ایک مضبوط ذریعہ ہے، جو معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے قبائلی عمائدین پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی رہنمائی اور معاشرتی اصلاحات کے عمل میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔بلوچستان کے طلبا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر مندی، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد پروگرامز اور اصلاحاتی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ جدید تحقیق، ٹیکنالوجی، اختراع اور مثبت سوچ کو اپناتے ہوئے ملکی ترقی اور جمہوری اقدار کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔دانشوروں کے وفد سے ملاقات کے دوران قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اہلِ فکر اور دانشور کسی بھی معاشرے کی فکری سمت کے تعین میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی بیانیے کی تشکیل، برداشت پر مبنی سوچ کے فروغ، مکالمے کی روایت کے استحکام اور انتہاپسندی کے خاتمے میں دانشوروں کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی کے عمل میں اہلِ علم کی آراء اور تحقیقی سفارشات کو شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ فیصلے زمینی حقائق اور مضبوط علمی بنیادوں پر استوار ہوں۔طبی ماہرین اور ڈاکٹروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈاکٹرز اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد قوم کے محسن ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے نظام کی بہتری، بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سینیٹ کے پلیٹ فارم سے صحت کے شعبے کو درپیش مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جاتا رہے گا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے نتیجے میں سڑکوں، مواصلاتی نظام اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے نہ صرف عوام کو سہولت حاصل ہوئی ہے بلکہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات بلوچستان کو قومی ترقی کے دھارے میں مزید مضبوطی سے شامل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں