جھل مگسی(این این آئی) جھل مگسی کے ہیڈکوارٹر گنداواہ میں ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ کی صدارت میں سرکٹ ہاؤس گنداواہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں 151 ونگ جھل مگسی گنداواہ کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عاصم، ایس پی جھل مگسی سبحان علی مگسی، اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ پریم کمار، لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے بلا خوف و جھجک اپنے مسائل انتظامیہ کے سامنے رکھے۔ شرکاء نے سکلیجی سے 8 افراد کے اغواء، گاجان واٹر چینل کی بندش، گنداواہ شہر میں بڑھتی بدامنی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، گنداواہ اور نواحی علاقوں کو گیس کی فراہمی، کوٹڑہ رابطہ پل کی تعمیر، اللہ آباد کالونی میں سیوریج نالے کی ابتر حالت، شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال، گنداواہ راج کے گنڈہ کی مرمت، گنداواہ کالج کو تدریسی و انتظامی عملے کی فراہمی اور گنداواہ۔نوتال روڈ کی خستہ حالی جیسے اہم مسائل اجاگر کیے۔گاجان واٹر چینل کی بندش کے باعث پینے کے پانی کی شدید قلت، زراعت کو پہنچنے والے نقصان اور ہزاروں خاندانوں کے متاثر ہونے کا معاملہ بھی کھلی کچہری میں زیر بحث آیا، جس پر شہریوں نے فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ“میں عوام کا خادم ہوں، عوام کو کسی بھی قسم کی شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو بلا جھجک رابطہ کریں، ہم عوام کی خدمت کے لیے موجود ہیں۔”انہوں نے متعلقہ محکموں کو گاجان واٹر چینل سمیت دیگر مسائل کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے 151 ونگ کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عاصم نے کہا کہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، جہاں دہشت گردی گئی وہاں تباہی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دہشت گردوں کے مطالبات پورے نہ کریں، بھتہ نہ دیں اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔اس موقع پر ایس پی جھل مگسی سبحان علی مگسی نے کہا کہ کوٹڑہ تھانہ پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران پولیس نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کر کے حملہ آوروں کو پسپا کیا، اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے۔ضلعی انتظامیہ اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور جلد عملی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

