کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کا مسئلہ دہشت گردی نہیں بلکہ کرپشن اور بدعنوانی ہے کرپشن اوربدعنوانی کو ختم کئے بغیر ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا، خیبر پختونخوا کے ایک ہیڈ کلرک نے اگر اربوں روپے کی کرپشن کی ہے تواسکے بالا افسران نے کتنی کرپشن کی ہوگی،نیب،اینٹی کرپشن اوردیگر تحقیقاتی ادارے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو گزشتہ 20سالوں کے دوران دیئے گئے ترقیاتی فنڈزکی تحقیقات کریں آیا یہ رقم کہاں پر خرچ ہوئی ہے۔اتوار کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان کو جتنا دہشت گردی سے خطرہ ہے اس سے کہیں زیادہ کرپشن اوربدعنوانی سے خطرہ ہے کیونکہ عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز عوام کی ترقی پر خرچ ہونے کی بجائے کرپشن اور بدعنوانی کی نظر ہوجاتے ہیں اوربدعنوان عناصر کرپشن کی ہوئی رقم سے دہشت گردوں کو بھی مبینہ طورپر بھتہ دیتے ہیں جس سے دہشت گردی پروان چڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان مالی اسکینڈل کے مرکزی ملزم نے نیب کو 14ارب روپے کی پلی بارگین کی درخواست دی ہے اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس ہیڈکلرک نے کتنی کرپشن کی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن میں صرف ہیڈ کلرک ہی نہیں اسکے بالا افسران بھی براہ راست ملوث ہیں کیونکہ اگر افسران کرپشن اوربدعنوانی میں ملوث نہ ہو تو کسی ہیڈ کلرک کو جرات نہیں ہوگی کہ وہ کرپشن کرے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ کئے بغیر ملک اور بلوچستان ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اوربدعنوانی میں ملوث عناصرکو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی کرپشن اور بدعنوانی کی جرات نہ ہوسکے۔

