کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ ماما قدیر بلوچ نے جبری گمشدگیوں کے خلاف پرامن جدوجہد کو عالمی سطح پر متعارف کرایا اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دنیا کا طویل ترین لانگ مارچ کر کے مظلوم خاندانوں کی آواز ایوانِ اقتدار اور عالمی ضمیر تک پہنچائی۔ ان کی جدوجہد کسی ایک فرد قبیلے یا خطے تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ پورے ملک میں انسانی حقوق انصاف اور آئین کی بالادستی کی علامت بن چکے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ ماما قدیر بلوچ نے شدید ذاتی صدمات بیماری اور مسلسل مشکلات کے باوجود حق کی آواز بلند رکھنے میں کبھی کمزوری نہیں دکھائی۔ ان کی استقامت قربانی اور ثابت قدمی تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے پرامن مزاحمت کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ حق و انصاف کی جدوجہد صبر و حوصلے اور مستقل مزاجی سے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ تاریخ ماما قدیر بلوچ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کا مشن اس وقت تک زندہ رہے گا جب تک ملک میں ہر شہری کو آئینی و انسانی حقوق میسر نہیں آ جاتے۔ بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ماما قدیر بلوچ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔

