لورالائی(میاں محمد عامر بشیر آرائیں) ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین لورالائی اصغر خان اتمانخیل کی قیادت میں بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے تشدد، ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف لورالائی میں ایک بھرپور اور بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، بلدیاتی نمائندوں، قبائلی عمائدین، تاجروں، نوجوانوں اور مختلف مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے شہر میں احتجاجی فضا قائم رہی احتجاجی ریلی شہر کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مقررہ مقام پر پہنچی، جہاں مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ پلے کارڈز پر بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم، مذہبی آزادیوں پر پابندیوں، مساجد کی بے حرمتی اور بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء مسلسل بھارت مخالف اور مظلوم مسلمانوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین اصغر خان اتمانخیل نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو منظم سازش کے تحت دیوار سے لگایا جا رہا ہے، آئے روز تشدد، نفرت انگیز کارروائیاں اور انسانی حقوق کی پامالی معمول بنتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ پالیسیوں نے خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا فوری نوٹس لیں، آزادانہ تحقیقات کرائیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی صورت ان پر ہونے والے ظلم و ستم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ریلی کے شرکاء نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور ہر سطح پر پُرامن احتجاج کیا جاتا رہے گا۔ ریلی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی .

