لورالائی (میاں محمد عامر بشیر آرائیں) خزانہ آفس لورالائی کا عملہ انتہائی محنت، دیانت داری اور خوش اسلوبی کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں سائلین کے مالی و دفتری امور کو خوش اخلاقی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔ خصوصا اکبر خان دومڑ اور تیمور خان کبزئی کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہوگی یہ دونوں آفیسرز خزانہ آفس میں آنے والے پنشنرز، سرکاری ملازمین اور دیگر شہریوں کو درپیش مسائل کو بروقت حل کرنے کے لیے بھرپور تعاون کر رہے ہیں جس سے عوام کو واضح ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خزانہ آفس کے افسران و اہلکار مقررہ اوقات کار کی پابندی کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ پنشن، تنخواہوں، بلات، واجبات اور دیگر سرکاری ادائیگیوں سے متعلق امور میں شفافیت اور تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ سائلین کا کہنا ہے کہ عملے کا رویہ نہایت شائستہ، دوستانہ اور عوام دوست ہے جس کی وجہ سے دفاتر میں غیر ضروری رش، تاخیر اور پریشانی میں نمایاں کمی آئی ہے۔
شہریوں اور سرکاری ملازمین نے خزانہ آفس کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مثبت رویہ اور محنت ہی کسی بھی سرکاری ادارے کی پہچان ہوتی ہے۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محنتی اور دیانت دار عملے کی حوصلہ افزائی کی جائے اور اسی طرزِ عمل کو برقرار رکھنے کے لیے مزید سہولیات اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ عوام کو مستقبل میں بھی بہتر اور مؤثر خدمات میسر آتی رہیں

