لورالائی (میاں محمد عامر بشیر آرائیں)خادمِ لورالائی اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اُتمانخیل کے فرزند افضل خان اُتمانخیل نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی میں سولر سسٹم اور مختلف وارڈز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، سماجی شخصیات اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افضل خان اُتمانخیل نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری ان کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو بہتر، معیاری اور جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ان کا مشن ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید طبی مشینری، ضروری آلات اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے لیے کوئٹہ یا دیگر بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔افضل خان اُتمانخیل نے کہا کہ ہسپتال میں سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور دیگر طبی شعبہ جات بلا تعطل کام کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے افضل خان اُتمانخیل کو ہسپتال میں درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہریوں اور مریضوں نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سہولیات سے نہ صرف مریضوں کو بہتر علاج میسر آئے گا بلکہ مجموعی طور پر لورالائی اور گردونواح میں صحت کی سہولیات کا معیار بھی بلند ہوگا۔آخر میں شرکاء نے امید ظاہر کی کہ حاجی محمد خان طور اُتمانخیل اور ان کا خاندان آئندہ بھی عوامی فلاح و بہبود، بالخصوص صحت کے شعبے میں عملی اقدامات جاری رکھے گا

