کوئٹہ(این این آئی)جامعہ بلوچستان اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے درمیان بلدیاتی نظم و نسق میں بہتری، ادارہ جاتی مضبوطی اور جیو ٹیگنگ سروے کے لیے مفاہمتی یادداشت اور لیٹر آف ایگریمنٹ پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدہ جامعہ بلوچستان کے گورنمنٹ انوویشن لیب کے ذریعے طے پایا۔معاہدے کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی املاک کا جیو ٹیگنگ سروے کیا جائے گا، جس کے ذریعے بلدیاتی ریکارڈ کی درستگی، شفافیت، شہری منصوبہ بندی اور آمدن میں بہتری ممکن ہو سکے گی۔معاہدے میں ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے، تربیتی پروگراموں کے انعقاد، معیاری عملی طریقہ کار کی تیاری، نگرانی و جائزہ کے فریم ورک اور ڈیجیٹل اقدامات جیسے جغرافیائی معلوماتی نظام کے تحت نقشہ سازی اور شہری رائے جاننے کے نظام شامل ہیں۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ جناب مجیب الرحمٰن قمبرانی، ڈائریکٹر گورنمنٹ انوویشن لیب ڈاکٹر وحید نور اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی محکمہ عبدالروف بلوچ نے معاہدے پر دستخط کیے۔تقریب میں ڈاکٹر ثناء اللہ، ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ اینڈ ورکس، غلام فاروق بادینی اور چیف میٹروپولیٹن آفیسر نذر زہری بھی موجود تھے۔شرکاء نے اس معاہدے کو بلوچستان میں بلدیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوامی خدمات کی موثر فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔تقریب کے بعد مہمانوں نے جامعہ بلوچستان میں قائم گورنمنٹ انوویشن لیبز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ڈیجیٹل گورننس، ڈیٹا مینجمنٹ اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے گورنمنٹ انوویشن لیبز اور سی ای آر بی ایم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جامعہ بلوچستان کی تحقیق، جدت اور عوامی خدمات میں بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

