کوئٹہ(این این آئی) نوشکی کے علاقے میں معمولی تنازعے پر دوفریقین میں فائرنگ کے تبادلے میں 3بھائیوں سمیت4افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پیر کو نوشکی کے علاقے کلی قادرآباد میں خالی دکان کو کرایہ پر لینے کے تنازعے پر دو فریقین میں فائرنگ کے نتیجے میں تین بھائی بابو علم خان،پولیس کانسٹیبل بیبرگ خان، ذوالقرنین ولد دینارخان بادینی اور دوسرے فریق سے سہیل احمد ولد محمد ایوب بادینی جاں بحق ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔ دریں اثناء ورثا نے نعشیں قومی شاہراہ پر رکھ کر کوئٹہ تفتان شاہراہ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

