کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و میڈیا سیل کے سربراہ سردار سربلند خان جوگیزئی نے پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر بسم اللہ خان کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم بسم اللہ خان کاکڑ ایک منجھے ہوئے، بردبار اور اصولوں پر قائم رہنے والے سیاستدان تھے جنہوں نے ہمیشہ ذاتی مفادات کے بجائے عوامی مفادات اور پارٹی اصولوں کو ترجیح دی ان کی سیاست خدمت، دیانت اور جمہوری اقدار کے فروغ کا عملی نمونہ تھی۔یہاں جاری ہونے والے ایک تعزیتی بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ بسم اللہ خان کاکڑ نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی مشکل اور آزمائشی حالات میں بھی وہ اپنے نظریات، سیاسی وقار اور اصولی مؤقف پر ڈٹے رہے جو آج کے سیاستدانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا کہ مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو پاکستان پیپلز پارٹی اور بلوچستان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے ان کا انتقال نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ بلوچستان کی سیاست کے لیے بھی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

