کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وپارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات عوام کو نچلی سطح پر بااختیار بنانے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں عوام 28دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ووٹ دیکر کامیاب بنائیں انشاء اللہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی اور عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو لہڑی ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے پارٹی کے کارکنوں اور حلقہ انتخاب کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی نمائندگی، مقامی خودمختاری اور عوامی مسائل کے پائیدار حل پر یقین رکھتی ہے بلدیاتی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار خدمت، شفافیت اور ترقی کے واضح ایجنڈے کے ساتھ عوام کے درمیان موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے جو گلی، محلہ اور یونین کونسل کی سطح پر عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اوروہ تعلیم، صحت، صاف پانی، سڑکوں اور روزگار جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی وژن رکھتے ہیں اور کامیاب ہوکر وہ اپنے حلقے کے عوام کی بلا رنگ ونسل خدمت کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 28دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر اپنے علاقے اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔

