کوئٹہ (رپورٹر) نیشنل پارٹی کیچ کے زیرِ اہتمام آج بروز پیر بمورخہ 22 دسمبر 2025 کو شہید ڈاکٹر شفع بزنجو کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی کمیٹی کے رکن و چیئرمین خیربخش بلوچ نے خطاب کیا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید ڈاکٹر شفع بزنجو ایک نہایت شریف النفس، درویش صفت اور فکری و نظریاتی کارکن تھے۔ انہوں نے زمانۂ طالب علمی سے لے کر شہادت تک اپنے عوام کے ساتھ گہرا رشتہ قائم رکھا۔ آواران جیسے پسماندہ علاقے کے عوام کے لیے وہ کسی مسیحا سے کم نہ تھے۔ وہ قومی و وطنی خدمت کے جذبے سے سرشار اور ایک مخلص انسان تھے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے کارکنان پارٹی کے سیاسی بیانیے کے حوالے سے کسی بھی قسم کے تذبذب کا شکار نہ ہوں۔ نیشنل پارٹی کے لیے اقتدار اور اختیارات کی کوئی خاص اہمیت نہیں، بلکہ پارٹی کے فکر و نظریے کو بنیادی حیثیت حاصل ہے جو درست سمت میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی میں موجود نئی قیادت بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور پارٹی کو وسعت دینے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان کے لیے حوصلہ افزا امر یہ ہے کہ سیاست کے میدان میں نیشنل پارٹی کے مقابلے میں ایسے عناصر موجود ہیں جن کا نہ کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی جماعت، بلکہ وہ بھٹکے ہوئے مسافروں کی مانند بغیر منزل کے سیاسی سوداگر ہیں جو صرف انتخابات کے موقع پر منظرِ عام پر آتے ہیں، جبکہ نیشنل پارٹی گراس روٹ لیول پر ایک منظم سیاسی جماعت ہے جو قوم و وطن کی خدمت کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ کتاب اور قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں، کیونکہ کتاب اور قلم کے استعمال سے باشعور قیادت جنم لیتی ہے۔ اس لیے کارکنان میں مطالعہ اور تحریر کے کلچر کو فروغ دیا جائے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ضلعی اور تحصیل سطح کی قیادت پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی تنظیم سازی، بالخصوص یونٹ سازی اور ممبر سازی مہم پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ ایک منظم سیاسی جماعت ہی عوامی قوت کے ذریعے قوم کو بہتر مستقبل فراہم کر سکتی ہے۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و چیئرمین خیربخش بلوچ نے کہا کہ شہید ڈاکٹر شفیح بزنجو ایک مخلص، نظریاتی اور فعال سیاسی کارکن تھے جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت اور قومی جدوجہد کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شفیح نے عملی سیاست میں رہتے ہوئے ہمیشہ اصولوں، شعور اور عوامی مفادات کو مقدم رکھا اور مشکل حالات کے باوجود اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ان کی سیاسی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور نیشنل پارٹی ان کے افکار و مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی قائدین اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کر کے شہید ڈاکٹر شفیح بزنجو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

