امیر حمزہ خان زہری کا بزرگ سیاسی شخصیت سابق صوبائی وزیر بسم اللہ خان کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ بسم اللہ خان کاکڑ کے انتقال سے بلوچستان کی سیاست ایک معتبر، مدبر اور عوام دوست رہنما سے محروم ہو گئی ہے، جو صوبے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں جمہوری اقدار کے فروغ، عوامی مفادات کے تحفظ اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اعلیٰ درجات عطا فرمائے، مغفرت کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ایک سنجیدہ، باوقار اور عوامی سیاستدان سے محروم ہو گئے ہیں، جن کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں