نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز کے تمام مسائل کو وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ حکام تک پہنچا کر ترجیحی بنیادوں پر جلد حل کرونگا،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز کے ڈی آئی جی اس وقت سرکاری عمارت کی عدم موجودگی کی وجہ سے کرائے کی بلڈنگ سے اپنے فرائض انجام دے دے رہا ہے جو فوری طور پر حل طلب ہے۔ ایسے اہم ادارہ کیلئے سرکاری بلڈنگ کی عدم دستیابی موثرے ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ سیفٹی اقدامات کے نفاذ کی کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس کے علاوہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں بھی ہمارے صوبہ بلوچستان میں ہر سال ہزاروں مسافر قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں مر جاتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ عوام بالخصوص ڈرائیور حضرات کو قوانین کے شعور و آگہی دینے کے ساتھ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں. یہ بات خوش آئند ہے کہ بلوچستان میں موٹروے والے لوگوں کے ٹیسٹ اور انٹرویو لینے کے بعد انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کرتے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ڈی آئی جی موٹروے ڈاکٹر قریش خان کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں کمی لانے کیلئے ہمیں فوری طور پر ایک جامع حکمت عملی بنانے ہوگی. اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ ہی پورے ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم، وہیکل فٹنیس، سڑک کی حفاظت اور مجموعی طور پر ٹریفک سیفٹی کو کامیاب بنا سکتی ہیں۔ ڈرائیونگ لائسنس، گاڑی فٹنس اور تعلیمی اداروں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں آگاہی سیشن منعقد کرانے کی اشد ضرورت ہے جس کے نتیجے میں نوجوانوں میں روڈ سیفٹی کا احساس اجاگر کرنے میں فکری رہنمائی ملے گی۔ علاوہ ازیں ٹریفک سیفٹی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے متعلقہ تمام اداروں کے درمیان مضبوط روابط بڑھانا مددگار ثابت ہو سکتا ہے. گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یقین دلایا کہ ہم نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز کے تمام مسائل کو وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ حکام تک پہنچا کر ترجیحی بنیادوں پر جلد حل کرونگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں