جھل مگسی (این این آئی)صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ طارق خان مگسی نے کہا ہے کہ ضلع جھل مگسی کے عوام کے بنیادی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے وہ دن رات عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت ان کا مشن ہے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مگسی ہاؤس میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات اور تفصیلی بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایس پی جھل مگسی سبحان علی مگسی، پرنس الٰہی بخش سیال اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔نوابزادہ طارق خان مگسی نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ اور تعاون جاری ہے، تاکہ عوام خود کو محفوظ محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اسی لیے اس شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جھل مگسی میں صحت، تعلیم، سڑکوں، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو براہِ راست ثمرات میسر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مکمل کیے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میری ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ ہر دور میں عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ضلع جھل مگسی کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور مستقبل قریب میں عوام کو مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔

