بلوچستان میں مالیاتی نظام کی جدید خطوط پر ڈیجیٹل اصلاحات کے سلسلے میں جائزہ اجلاس

کوئٹہ(این این آئی)حکومتِ بلوچستان میں مالیاتی نظام کی جدید خطوط پر ڈیجیٹل اصلاحات کے سلسلے میں ایک اہم جائزہ اجلاس چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تمام محکموں، اتھارٹیز اور خودمختار اداروں میں ڈیجیٹل فنانشل مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ سے متعلق پیش رفت اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حکومتِ بلوچستان کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات کا جائزہ لیا گیا، جن کے مطابق صوبے کے تمام خودمختار اداروں کو فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لایا جا رہا ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تمام خودمختار اداروں کو انٹیگریٹڈ فنانشل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (IFMIS) پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے تحت تمام ادارے اپنے بجٹ IFMIS پر تیار اور اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے۔ تنخواہوں، پنشن، نان سیلری اخراجات اور ترقیاتی اخراجات سمیت تمام مالی لین دین IFMIS کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔ملازمین، پنشنرز، وینڈرز اور سروس پرووائیڈرز کو ادائیگیاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کے ذریعے کی جائیں گی صوبائی حکومت کی طرز پر آن لائن بلنگ سلوشن بھی تمام خودمختار اداروں میں نافذ کیا جائے گا۔اجلاس میں فنانس ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کی جانب سے اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیت منتخب اداروں میں SAP-ERP سسٹم کے نفاذ کا آغاز دسمبر 2025 سے کیا جا رہا ہے، جس کے لیے متعلقہ اداروں سے ہیومن ریسورس (HR) اور مالیاتی ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے تاکہ نظام کے مؤثر اور بروقت نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام محکمے، اتھارٹیز اور خودمختار ادارے ان اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لے کر فوری عملی اقدامات کریں اور اس ضمن میں کمپلائنس رپورٹ مقررہ مدت کے اندر فنانس ڈیپارٹمنٹ کو جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی نظام کی ڈیجیٹائزیشن سے شفافیت، کارکردگی اور احتساب کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی حکومتِ بلوچستان کی ڈیجیٹل فنانشل اصلاحات پر مکمل عملدرآمد کرے گی اور مطلوبہ ڈیٹا و تعاون بروقت فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبے میں گورنمنٹ ٹو پرسن اور پرسن ٹو گورنمنٹ ادائیگیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے حکومتی وژن پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں