جعفرآباد(این این آئی)ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر قیادت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جعفرآباد کے زیر اہتمام عوام میں پانی کے بے دریغ ضیاع کی روک تھام اور اس حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جعفرآباد محمد کاظم لونی، سب ڈویژنل آفیسر، اسسٹنٹ انجینئر سمیت کثیر تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ہسپتال چوک پہنچی اور دوبارہ ڈی سی آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر“پانی کا ایک ایک قطرہ زندگی ہے، اسے احتیاط سے استعمال کریں ”اور پانی کے تحفظ سے متعلق دیگر شعاری تحاریر درج تھیں۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو انجینیئر محمد کاظم لونی نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عوام کو بہتر معنوں میں آبنوشی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے تاہم ضروری ہے کہ عوام پانی کے ضیاع کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ پانی کے غیر ضروری استعمال سے نہ صرف یہ قیمتی نعمت ضائع ہوتی ہے بلکہ دیگر شہری بھی شدید متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے جسے صرف ضرورت کے مطابق استعمال کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ حکومت آبنوشی کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے مگر پانی کے نامناسب اور بے جا استعمال سے بچنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اگر آج ہم نے پانی کی قدر نہ کی تو مستقبل میں سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ پانی زندگی کی بنیاد ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، حکومت عوام کو صاف اور محفوظ آبنوشی کی فراہمی کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاہم اگر عوام خود پانی کے درست اور محتاط استعمال کو یقینی نہ بنائیں تو یہ کوششیں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا بے جا ضیاع نہ صرف موجودہ نسل کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے، اس لیے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ روزمرہ زندگی میں پانی کے استعمال میں اعتدال اختیار کرے۔

