ہائی وے پر سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت،کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے،ڈی آئی جی نصیرآباد

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی)نصیر آباد ہائی وے این 65 کی سیکیورٹی کے حوالے سے ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ عاصم خان کی زیرِ قیادت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سبی برکت علی کھوسو، ڈی آئی جی ہائی وے بلوچستان ایاز احمد بلوچ، ایس ایس پی سبی شاہ نواز، ایس پی بولان معاز الرحمن نے بذریعہ زوم اورایس ایس پی نصیر آباد غلام سرور بھیؤ، ایس پی ہائیوے عبدالعزیز سرپرہ اور اے ڈی آئی جی نصیرآباد علی حسن عمرانی نے از خود اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں نصیر آباد ہائیوے پر امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سیکیورٹی کے موجودہ انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے ہائیوے پر جرائم کی روک تھام، عوام کے جان و مال کے تحفظ، مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور پولیس گشت کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ڈی آئی جی نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ عاصم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائی وے کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے لیناناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ ہائی وے پر سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ ہائیوے پولیس اور ضلعی پولیس کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے نصیر آباد ہائیوے کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں