کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے رہنما شہزاد کندن نے کرسمس کے تہوار کے موقع پر دنیا بھر کے تمام مسیحوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر نادار، غریب اور مستحق افراد کی عملی مدد کرنا ہی درحقیقت کرسمس کا اصل پیغام ہے ہمیں اپنے نادار افراد کوبھی کرسمس کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار نہ صرف حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے جشن ولادت کا دن ہے بلکہ یہ دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، امن اور برداشت پر مبنی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب بھی دیتا ہے ہمیں خوشی کے موقع پر اپنے اردگرد غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے پر مسرت موقع پر ہمیں تلخیوں کو بھلا کر محبت اور اخوت کے پیغام کو ہر جگہ پھیلانے کا عہد کرناہے۔انہوں نے کہا کہ کرسمس خوشیاں منانے کا دن ہے یہ یسوع المسیح کی تعلیمات اور پیغامات کی بھی عکاسی کرتا ہے جو کہ پیارو محبت، امن برداشت اور پوری انسانیت کے ساتھ ہمدردی کرناہے۔انہوں نے کہا کہ یسوع المسیح کے آنے کا پیغام بھی امن اور محبت ہے ہمیں چاہئے کہ ہم انکی تعلیمات کو عام کریں۔

